لاہور(سی پی پی )پاک فوج سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) پر پابندی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت کل ہو گی ۔نجی ٹی وی کے مطابق درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق پیر کو کرینگے، یہ درخواست کرنل (ر) جاوید اقبال کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، دفاع، قانون و انصاف، پیمرا اور پی ٹی اے کے علاوہ منظور پشتین، محسن داوڑ اور علی وزیر کوبھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں
موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی ایم رہنمائوں محسن داوڑ ، علی وزیر اور منظور پشتین کے سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرنے کا حکم دیا جائے۔ پی ٹی ایم رجسٹرڈ سیاسی جماعت نہیں اس لیے پابندی لگائی جائے۔ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیمرا پی ٹی ایم کی کوریج کے حوالے سے اپنے قوانین پر عمل درآمد نہیں کر سکا، اس لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پی ٹی ایم کی کوریج پر بھی مکمل پابندی عائد کی جائے۔