اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے استعفے کے مطالبے پر کیا مسلم لیگ ن کی طرف سے یوٹرن لیا گیاہے؟ اس حوالے سے ن لیگ کے رہنماوکی متضاد رائے سامنے آئی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے رہنما ملک احمد خان نے آڈیو وڈیو اسکینڈل اور صحافی کو دیے گئے انٹرویو کی بنا پر چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے اور ان کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے تودوسری طرف مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملک احمد خان کا بیان ذاتی قرار دے دیاہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)
کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملک محمد احمد خان کے بیان سے اظہار لاتعلقی کردیاہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ملک محمد احمد خان نے جو کہا، وہ ان کی ذاتی رائے ہے،پارٹی موقف نہیں ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی چئیرمین نیب سے متعلق واضح پارٹی موقف بیان کرچکے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا چئیرمین نیب کے واقعہ سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو سارے معاملے کی تحقیق کرے۔