لاہور ( آن لائن ،مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، لاہور میں آندھی کیساتھ بارش نے لیسکو کی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے باعث حادثات میں کئی افراد جان سے چلے گئے۔
فیروز والا میں چھت گرنے سے 2 بچیاں جبکہ بھیرا میں دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔ ایبٹ آباد کے علاقے جھنگی میں بارش کے پانی میں 13 سالہ بچہ ڈوب گیا۔لوئر دیر کے نواحی گاؤں دوآب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین جھلس گئے۔ لوئر دیر میں ڑالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔لاہور میں آندھی اور بارش نے لیسکو کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ 300 فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں سحری تک بجلی بند رہی۔ فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، کالاباغ، جوہر آباد، چنیوٹ میں بھی آندھی اور بارش کے باعث 40 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گاتاہم بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔