اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سیدہ کلثوم حئی سے خفیہ شادی کا انکشاف کرنے والے سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔سیدہ کلثوم حئی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بے باک پروگرام میں چوہدری غلام حسین ، سعید قاضی، عارف حمید بھٹی اور صابر شاکر نے سراسر جھوٹ بولا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے پر قانونی کارروائی کروں گی۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے شہباز شریف کی سیدہ کلثوم حئی سے خفیہ شادی کا انکشاف کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سیدہ کلثوم حئی جو کہ ایک بہت اچھے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، جب وہ سیکرٹریٹ میں تھیں تو ان کی پروموشن کی گئی تھی اور ان کی پاور میں بھی کافی اضافہ کیا گیا تھا ۔وہ کئی سینئر افسران کو گھنٹوں اپنے آفس کے باہر بٹھائے رکھتی تھیں۔پھر اچانک وہ منظر سے غائب ہو گئیں ۔ان کی سرکاری نوکری کے دوران ہی شہباز شریف سے شادی کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن ان خبروں کی ہمیشہ تردید کی جاتی رہی ہے۔ تاہم اب میرے پاس ایک گواہ ہے جس نے کہا ہے کہ اس نے شہباز شریف اور کلثوم حئی کی شادی کے نکاح نامے پر دستخط کیے ہیں۔ چوہدری غلام حسین نے کہا کہ میں نے کلثوم حئی سے جب شادی سے متعلق جاننا چاہا تو انہوں نے تردید کرنے کی بجائے کہا کہ آپ اس وقت یہ خبر اس لیے بریک کرنا چاہ رہے ہیں تاکہ شہباز شریف پاکستان واپس نہ آئے۔ان کے ذہن میں عوام اور میڈیا کی جانب سے آنے والی تنقید کے وسوسے پیدا ہوں اور وہ لندن میں ہی رہ جائیں۔ چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ شادی کرنا کوئی بری بات نہیں مگر چھپانا بھی درست نہیں۔
انہوں نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے تو اس خوشی کی خبر میں عوام کو بھی شامل کرتے ہوئے سب کے سامنے اپنی شادی کو تسلیم کر لینا چاہئے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے شہبازشریف کی 2بیویاں ہیں ۔