پشاور(این این آئی)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کی پہلی گڈگورننس سٹریٹجی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد نہ صرف حکومتی معاملات میں شفافیت اور احتساب متعارف کرانا ہے بلکہ عوام کی خدمات تک رسائی کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوام کی شرکت سے ترقیاتی معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔گڈ گورننس سٹریٹجی کی تقریب کا انعقاد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا
جس میں صوبہ بھر کے تمام ڈویژنل کمشنرز ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ گڈگورننس اسٹریٹجی پر ہر صورت عمل درآمد کرنا ہوگا تاکہ صوبے میں بہتر اور انصاف پر مبنی طرز حکمرانی قائم کی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو وقتا فوقتا اسٹریٹجی کے ثمرات سے آگاہ کیا جائے گا تا کہ وہ صوبے کی ترقی اور جمہوری طرز حکمرانی میں مکمل طور پر شریک ہو سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس سٹریٹجی سے سرکاری افسران کی کارکردگی کو بھی جانچا جائے گا اور حکومت اپنے منشور کے مطابق سزاوجزا کے عمل پر کاربند ہو سکے گی۔گڈ گورننس سٹریٹیجی میں 205 نکات شامل کئے گئے ہیں جس سے مختلف شعبوں کی کارکردگی کو جانچا جاسکے گا۔ یہ سٹریٹجی پانچ بنیادی ستونوں پر مبنی ہے جن میں شفاف طرز حکمرانی، عوامی خدمات تک رسائی، عوامی اشتراک، احتساب اور حکومتی معاملات میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکردگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔سٹریٹجی کے کامیاب نفاذ کے لئے مذکورہ نکات کی بنیاد پر وقتافوقتا ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور صوبائی انتظامی محکموں کا جائزہ لیا جائے گا جس کی بنیاد پر ان کی کارکردگی جانچی جا سکے گی۔ عوامی اشتراک کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے عوامی رائے اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے گا
تاکہ عوامی رائے کو حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایات جاری کیں کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر اپنے اضلاع میں باقاعدہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں اور عوامی مسائل کو موقع پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ اور تمام اضلاع میں سپورٹس مقابلے اور بہار فیسٹیول منعقد کرائیں جائیں تاکہ صوبہ بھر میں مثبت اور خوشگوار ماحول کو فروغ مل سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ہم نے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ اور سستی سہولیات ان کی دہلیزتک پہنچانا ہے۔