اسلام آباد (این این آئی) سعودی ولی عہد کے دورہ کے موقع پر جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر وں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ144 نافذرہی ۔ ذرائع کے مطابق ایم آئی 17ہیلی کاپٹرز اور دولڑاکا طیارے بھی سیکورٹی کا حصہ رہے سی ون تھرٹی طیارہ بھی تیار رکھاگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز تعینات رہی ۔ شہر اقتدار کے داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی اور عام شہریوں کے ریڈ زون میں داخلے پر پابندی رہی ، دورے کے دور ان جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس بھی مکمل بندرہی جبکہ ایکسپریس وے پر بھاری ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د آنے والوں کیلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضروری قرار دیا گیا ۔