لندن(این این آئی)برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال میں زیر علاج پاکستانی نصراللہ خان کے اہل خانہ کی برطانوی ویزے کی درخواست پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے منظور کرلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نصراللہ خان دل کے سنگین عارضے میں مبتلا ہیں اور زندگی کے آخری ایام گزار رہے ہیں
جنہوں نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سے اہل خانہ کے ویزے کی درخواست منظور کرنے کی اپیل کی تھی اب ان کی اپیل کو سنا گیا اور ان کے اہل خانہ کو برطانوی ویزہ فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے نصراللہ خان نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور ان کے اسٹاف سمیت میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان لوگوں نے میری اپیل پر تیزی سے کام کیا اور ہمدردی کے ساتھ میری مدد کرتے ہوئے میرے اہل خانہ کو برطانیہ کا ویزہ فراہم کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی ثنا ء بٹ اور دونوں بیٹوں کو برطانوی ہائی کمیشن نے 6 ماہ کا وزٹ ویزہ فراہم کیا ہے۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہم سے جتنا ممکن ہوسکا، اتنی مدد کریں گے۔دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں نصراللہ خان اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ نصراللہ نے اپنی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانے پرمیڈیا کا شکریہ ادا کیا۔