اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جب فواد چوہدری کے چچا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تھے تو وہ لوگوں سے پیسے لے کر فیصلے کراتے تھے، ن لیگی رہنما رانا ثنا کے الزامات کی پی ٹی آئی رہنما حامد خان نے بھی تصدیق کر دی۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ فواد چوہدری کے چچا جب چیف جسٹس لاہور ہائیکورت تھے تو فواد چوہدری لوگوں سے پیسے لیکر فیصلے کروایا
کرتے تھے۔ پی ٹی آئی رہنما حامد خان نے رانا ثنا اللہ کے الزامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی کتاب میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ افتخار حسین کے جس بھتیجے کا ذکر کیا تھا وہ فواد چوہدری ہی تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار حسین کے دور میں لاہور ہائیکورٹ میں بہت زیادہ کرپشن تھی۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے چچا جسٹس (ر) افتخار حسین چوہدری 7 ستمبر 2002 سے 31 دسمبر 2007 تک چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ رہے ہیں۔