کراچی(این این آئی) چائلڈ پورنو گرافی کے الزام میں گرفتار ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ لڑکی کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی سے بھی لڑکوں کو بلیک میل کرتا تھا۔گزشتہ روز ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزم حمزہ سے دوران تفتیش مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، ملزم لڑکی کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر لڑکوں کی غیراخلاقی تصاویر منگواتا تھا۔اس حوالے سے ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ ملزم ان تصاویر کی مدد سے
لڑکوں کے گھر والوں کو بلیک میل کرتا تھا، ملزم نے فیس بک، انسٹاگرام اکاؤنٹس، ورچوئل واٹس ایپ گروپ بنا رکھے تھے۔ملزم حمزہ گروپ اور اکاؤنٹس پر کم عمر بچوں کو ویڈیوز شیئراور غیراخلاقی عمل کیلیے اکساتا تھا۔ ملزم حمزہ اب تک کئی بچوں کی زندگیوں سے کھیل چکا ہے۔اس کے گروہ میں دیگرافراد بھی شامل ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم تعلیم یافتہ ہے اور ایک نجی بینک کا ملازم بھی رہ چکا ہے۔