پشاور(اے این این) پشاور کی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب نے سرکاری امور اور ماں کی ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھانی شروع کردیں اور دوران ڈیوٹی وہ اپنی پانچ ماہ کی بچی سے بھی غافل نہیں رہتیں۔ضلعی انتظامیہ کی ٹیم میں حال ہی میں شامل ہونے والی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب مہنگے داموں اشیا فروخت کرنے والے تاجروں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتی ہیں۔ اس سارے آپریشن کے دوران وہ اپنی 5 ماہ کی بیٹی عروہ ماہم کو بھی گود میں اٹھائے نظر آتی ہیں۔ سارہ تواب عمر روزانہ کی
بنیاد پر پشاور کے مختلف علاقوں دلہ زاک روڈ ، فقیر آباد اور ہشت نگری میں دکانوں کی چیکنگ کرتی ہیں۔اس حوالے سے وہ مقامی افراد اور شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ سارہ تواب عمر نے قلیل عرصہ میں پشاور میں تجاوزات مافیا، گرانفروشوں اور غیر معیاری اشیا فروخت کرنے والوں کو نہ صرف نکیل ڈالی ہے بلکہ سینکڑوں کو جیل یاترا بھی کروائی ہے۔دن رات ڈیوٹی کے دوران وہ اپنی بچی کی بھی حق تلفی نہیں کرتیں اور عروہ ماہم کو ساتھ رکھتی اور دیکھ بھال کرتی ہیں۔