اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چینی قونصل خانے میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکار عامر خان کا تعلق شہیدوں کے خاندان سے نکلا، بھائی اور بھتیجا ایس ایس پی چوہدری اسلم پر حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونیوالے پولیساہلکار عامر خان کا تعلق شہیدوں کے خاندان سے نکل آیا ہے۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق چینی قونصل خانے میں دہشتگردوں کے حملے
کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد چینی قونصل خانے کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار عامر خان کے دوست نے ان کے بھائی عجب خان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے اور اس کے فون پر کال نہیں جا رہی۔ عجب خان کا کہنا تھا کہ عامر کے دوست کی جانب سے اطلاع پر جب ہم نے رابطہ کرنے کی کوشش تو وہی صورتحال تھی ، ہمارا عامر سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا اور کچھ دیر بعد اس کی شہادت کی خبر آگئی۔