اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چینی قونصل خانے پر ہونیوالے دہشتگردی کے ناپاک منصوبے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانے کے حملے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے پیغام جاری کیا ہے کہ قونصیلٹ کا تمام عملہ محفوظ ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورت کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ
پاکستان میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں تاہم سفارتخانے کے تمام سٹاف حملے میں محفوظ رہا ۔ چینی وزارت خارجہ کا کہناتھا کہ حملہ آور قونصلیٹ کمپاؤنڈ میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور سیکیورٹی فورسز نے انہیں ہلاک کر دیا ہے ۔چینی قونصلیٹ پر حملے کے دوران دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں جن کی شناخت اے ایس آئی اشرف داود اور پولیس کانسٹیبل عامر کے نام سے ہوئی ہے ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچاتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا‘ آپریشن میں دو جوانوں نے خون کا نذرانہ پیش کیا۔ جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سکیورٹی اداروں نے کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا۔ تمام دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔