اسلام آباد(اے این این) وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کی قومی پالیسی کا اعلان کرنے کا فیصلہ کرلیا ، عمران خان 25 نومبر کوغربت کے خاتمے کے لئے اقدامات کا اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کی قومی پالیسی کااعلان کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرپالیسی کی تیاری پرہنگامی کام شروع کردیا گیا ہے، وزیراعظم 25 نومبر کو غربت
کے خاتمے کے لئے اقدامات کااعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق غربت کے خاتمے کی پالیسی کا آغاز پسماندہ علاقوں سے شروع کیا جائے گا اور پالیسی کی تیاری میں چین اور ملائیشیا کے غربت کے خاتمے کے ماڈلز کو مدنظر رکھا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کیلئے مددگار ہوگی، چھوٹے کاروبارکی اسکیمزاورباعزت روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کاوظیفہ بھی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔