اسلام آباد (این این آئی) سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے ایس پی طاہر داوڑ کیس میں حکومت کی رپورٹ مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ قتل کے معاملے میں سیف سٹی کیمروں پر ملبہ ڈالنا مناسب نہیں ،معاملے پر وزیر اعظم کو ایوان میں رپورٹ پیش کرنے کامطالبہ بھی کردیا ۔ جمعرات کو اجلاس کے دور ان پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں ، دفتر خارجہ افغانستان سے سوال کرے آپ دبک کر بیٹھ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم
عمران خان ہی وزیرداخلہ ہیں، وہ ایوان آکر رپورٹ دیں۔پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ ایس پی کے قتل پر پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتیں اسٹینڈ لیں، معاملہ بہت سنگین ہے اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔مسلم لیگ ن کے سینیٹرز نے بھی حکوت کو آڑے ہاتھوں لیا ،سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ حکومت بتا رہی ہے کہ طاہر داوڑ کا اغوا اس لیے ہوا کہ کیمرے ٹھیک نہیں تھے۔مشاہداللہ خان کا کہنا ہے کہ کیمرے خراب کہنا مذاق ہے،وزیر داخلہ کو ایسا جواب دینا ہی نہیں چاہیے، کیمروں میں گڑ بڑ کی تحقیقات کریں۔