اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد سے اغوا ہونیوالے اور افغانستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں قتل ہونیوالے ایس پی پشاور رورل طاہر داوڑ کی میت کی حوالگی میں تاخیر پر پاکستانی سفیر نے افغان حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے ۔ دوسری جانب ترجمان خیبرپختونخواہ شوکت یوسفزئی نے ایس پی طاہر داوڑ کی میت کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے اپنے
بیان میں کہا ہے کہ وہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کی میت کی وصولی کیلئے طور خم کے افغان بارڈر پر جا رہے ہیں جہاں ایس پی طاہر داوڑ کی میت کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا ۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ایس پی طاہر داوڑ کی میت کو طور خم بارڈر سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور لایا جائیگا جبکہ ان کے ہمراہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی ہونگے۔