اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف پاکستانی کرکٹ شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق بیان پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے جس پر شاہد آفریدی کی وضاحت بھی سامنے آ گئی ہے، ایسے میں معروف صحافی حامد میر نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی نے اس بیان کی تردید کر دی ہے اور بتایا ہے کہ ان کا بیان رد و بدل کرکے پیش کیا گیا، ہمیں شاہد آفریدی کی تردید کو مان لینا چاہیے،
حامد میر نے کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی کشمیر کے بارے ایسا موقف نہیں دے سکتا جو شاہد آفریدی سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ معروف صحافی نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں نوجوانوں کی سوچ بدلنے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کرائے اور ایسے ہی ایک پروگرام میں جب دھونی مقبوضہ کشمیر گئے تو وہاں نے کشمیری نوجوانوں نے شاہد آفریدی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ حامد میر نے کہا کہ شاہد آفریدی کشمیر میں بہت مقبول ہیں، شاہد آفریدی کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، اگر وہ بیان کی تردید کر رہے ہیں تو ہمیں مان لینا چاہیے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کشمیر کے حوالے سے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کو نہیں چا ہییے مگر بھارت کوبھی مت دو ،کشمیر الگ ملک بن جائے تاکہ انسان تو نہ مریں، کشمیر کوئی ایشو نہیں ہے اسے ایشو بنایا گیا ہے ،پاکستان سے 4صوبے نہیں سنبھل رہے ۔بدھ کو برطانیہ کی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے پہلے تو بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکت کی مذمت کی پھر پڑی سے اتر گئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کو نہیں چاہیئے مگر بھارت کو بھی مت دو کشمیر الگ ملک بن جائے تاکہ انسان تو نہ مریں کشمیر کوئی ایشو نہیں ہے اسے ایشو بنایا گیا ہے ۔
انسانیت بڑی چیز ہے وہاں لوگ مررہے ہیں اس سے تکلیف ہوتی ہے ،پاکستان سے 4صوبے نہیں سنبھل رہے ۔شاہد آفریدی کے بیان سے وہاں موجود تمام افراد حیرت میں پڑ گئے اور انہوں نے شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ شاہد آفریدی بغیر سوچے سمجھے کیسے کہہ سکتے ہیں کہ کشمیر کوئی ایشو نہیں ہے ۔کشمیر کے لوگ پاکستان کانام لے کر شہید ہوتے ہیں اور پاکستانی پرچم کیلئے
اپنی جان قربان کردیتے ہیں لہذا شاہد آفریدی کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیئے تھاان کے بیان سے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نقصان پہنچے گا ۔اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی میڈیا میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے میں اپنے ملک کیلئے جذباتی ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتاہوں ،انسانیت کا بول بالا ہوناچاہیئے اور کشمیریوں کو انکا حق ملنا چاہیئے۔