اسلام آباد(آن لائن) دو ہفتے قبل اسلام آباد تھانہ رمنا کی حدود سے اغوا ہونے و الے ایس پی رورل پشاور طاہر داوڑ کو شہید کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق طاہر داوڑ کی تشدد زدہ لاش بر آمد ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں قتل کر دیا گیا ہے ۔
لاش کیساتھ پشتو میں لکھا گیا کاغذ بھی لگایا گیا ہے جس میں طالبان نے ان کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے کہ مقتول طاہر داوڑ فوج کا ساتھ دیکر مجاہدین کو قتل اور گرفتار کرتے تھے پاک افغان سرحد طورخم پر افغان سیکورٹی حکام نے پاکستانی پولیس آفیسر کی لاش ایف سی کے حوالے کردی اس حوالے سے پولیس کی جانب سے آفیشل خبر فی الحال سامنے نہیں آیا ہے۔ ایس پی رورل پشاور طاہر خان داوڑ کو 27اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ دوسری جانب طاہر خان داوڑ کے قتل کی تصاویرسوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہیں۔ اس حوالے سے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ طاہر خان داوڑ کا معاملہ حساس ہے اس پر بات نہیں کرسکتے یہ نیشنل سیکیورٹی اور کسی کی زندگی کی بات ہے ۔اوپن فورم میں بات نہیں کی جاسکتی ،طاہر خان داوڑ کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ اضا میں درج تھا۔