اسلام آباد( آن لائن)اسلام آباد میں قائم ایک نجی تعلیمی ادارے میں اکتوبر کے آخری ہفتہ میں مخلوط میوزک کنسرٹ کے دوران دو لڑکوں نے حملہ کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔یاد رہے کہ اس واقعہ کی وجہ سے آس پاس کے رہائشی شدید پریشان ہیں
جبکہ ادارے میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین بھی الگ سے پریشان ہیں۔واقعہ میں ملوث دونوں ملزمان راجا شاہ میر نصیر اور طلحہ وسیم کو سول جج اسلام آباد نے اڈیالہ جیل بھجوا دیا ہے جن کی اگلی پیشی 16 نومبر 2018 کو ہو گی۔نجی ادارے کے قریب رہائش پذیر شہریوں کی شکایت پر تھانہ انڈسٹریل ایریاپولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور مخلوط میوزک محفلوں کے بارے میں والدین بہت پریشان ہیں۔اس واقعہ کے حوالے سے بھی طلبا و طالبات کے والدین نے کہا کہ اگر سکول نے میوزیکل کنسرٹ کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہوتے تو لڑائی جھگڑے اور ہوائی فائرنگ کا واقعہ ہی پیش نہ آتا۔ نجی تعلیمی ادارے کے اردگرد رہنے والے شہریوں اور طلبا و طالبات کے والدین نے اسلام آباد انتظامیہ سے ایسے واقعات کا نوٹس لینے کا مطابہ بھی کیا ہے۔