اسلام آباد (این این آئی)وزیرمملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لاپتہ ایس پی طاہر داوڑ کے افغانستان میں مبینہ قتل کی تصاویر پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ طاہر داوڑ کا معاملہ حساس ہے اس پر بات نہیں کرسکتے۔ نجی ٹی وی کے مطابق منگل کو
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے افغانستان میں ایس پی طاہر داوڑ کے مبینہ قتل کی تصاویر اور خبروں پر کہاکہ طاہر داوڑ کا معاملہ حساس ہے اس پر بات نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فوٹ شاپ کرکے جعلی خبریں اور تصویریں پھیلائی جاتی ہیں، زندگی کا مسئلہ ہے ایسے بات نہیں کرسکتے۔وزیر مملکت نے کہا کہ جن کے پیارے لاپتہ ہیں ان کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے،نیشنل سیکیورٹی اور کسی کی زندگی کی بات اوپن فورم پر نہیں کرسکتے۔دوسری طرف آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود نے کہا کہ طاہر داوڑ کے معاملے پر متعلقہ اداروں کے ذریعے افغان حکومت سے رابطے میں ہیں،فی الوقت اس خبر کی تصدیق ممکن نہیں۔یاد رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر افغانستان کے صوبے ننگر ہار سے ملنے والی ایک لاش کی تصویر وائرل ہوئی جس کے بارے میں کہا جاتا رہا کہ یہ ایس پی طاہر داوڑ کی ہے تاہم حکومت ٗ پولیس اور خاندان کی جانب سے معاملے کی تصدیق نہیں کی گئی ۔