اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، بھارتی خفیہ ادارے مزید آگ بھڑکانے کیلئے سرگرم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانیوالی آسیہ بی بی کی سپریم کورٹ سے بریت کا فیصلہ آنے کے بعد پاکستان بھر میں مذہبی جماعتوں کا احتجاج جاری ہے اور مظاہرین نے مشتعل ہو کر متعدد جگہوں پر گاڑیوں،
موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی ہے اور کئی مقامات پر اہم شاہراہیں بلاک ہیں۔ ایسے میں بھارتی خفیہ ادارے بھی صورتحال کا فائدہ اٹھانے کیلئے میدان میں کود پڑے ہیں اور آگ کو مزید بڑھکانے کیلئے کوشاں ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتیوں نے واٹس ایپ پر کچھ گروپس بنا لیے ہیں۔ ان گروپس کو جوائن کرنے کا لنک بھی کھلا رکھا گیا ہے جب کہ لنک شئیر کر کے مزید لوگوں کو اس شامل ہونے کی دعوت دی جا رہی ہے۔گروپس میں بھارتی اور پاکستانی نمبرز بھی شامل ہیں۔اشتعال انگیز موادشیئر کر کے پاکستانیوں کو آپس میں جھگڑنے پر اکسایا جا رہا ہے۔ان گروپس کے نام پاکستان سے محبت اور عشق کو ظاہر کرتے ہیں تاہم جیسے ہی کوئی ان گروپس کو جوائن کرتا ہے تو اس میں پاکستان مخالف مواد شیئر کیا جاتا ہے ۔ پاکستان کے اہم ادارہ پی ٹی اے اس حوالے سے بے بس نظر آرہا ہے اوران گروپس کے خلاف کوئی بھی کارروائی تاحال سامنے نہیں آسکی۔ دریں اثنا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حالات حکومت کے کنٹرول میں ہیں ، مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پر آپریشن کے حوالے سے آنیوالی خبریں غلط ہیں ، حکومت تشدد کی راہ نہیں اپنانا چاہتی،انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری آج مظاہرین کی قیادت سے مذاکرات کرینگے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سپریم کورٹ کے آسیہ بی بی کی توہین رسالت کے کیس میں بریت کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس نے دیکھتے دیکھتے ہی ملک کے اہم اور بڑے شہروں کو لپیٹ میں لے لیا تھا ۔ احتجاج کو ختم کرانے کیلئے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی کوششیں شروع کر دی گئی تھیں تاہم رات گئے آنیوالی اطلاعات کے مطابق مذاکرات تاحال کامیاب نہیں ہو سکے۔ حکومت نے بھی دوسری جانب کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیںجبکہ ملک بھر میں اہم شہروں میں موبائل سروس بند کر دی گئی ہے جبکہ انٹرنیٹ بھی جزوی طور پر معطل ہے۔ تعلیمی اداروں کو بھی آج کے روز بند کر دیا گیا ہے ۔