پنڈی بھٹیاں/لاہور(آئی این پی) آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلہ کے خلاف ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں درجنوں سکھ یاتری موٹروے پر پھنس گئے جن کو نکالنے کیلئے دوہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے اور سخت سیکیورٹی میں انہیں سکھیکی سروس ایریا پنڈی بھٹیاں سے لاہور لایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی زد میں بیرون ملک سے آنے والے 73سے زائد سکھ یاتری بھی آگئے اور وہ 16گھنٹے تک پنڈی بھٹیاں علاقے
میں محصور رہے ۔موٹروے کے سکھیکھی سروس ایریا میں پھنسے 6درجن سے زائد سکھ یاتریوں کو لاہور منتقل کرنے کیلئے دو ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ان سکھ یاتریوں کو خصوصی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سخت سیکیورٹی میں لاہور لے جایا گیا ۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ان سکھ یاتریوں کا کیا قصور تھا جنہیں محصور کردیا گیا اور وہ 16گھنٹے تک محصور رہے ۔ ان کے ساتھ خواتین اور بچے وبزرگ بھی تھے ۔ اب یہ واپس جا کر ہمارے ملک کی کیا تصور بنائیں گے ۔