سرگودھا(آن لائن)محکمہ تعلیم میں جعلی اسناد پر بھرتیوں کی تحقیقات میں افسران خود ہی رکاوٹ بن گئے ،جس پر مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے کیسز اینٹی کرپشن میں بھجوانے کا عندیہ دیدیاگیا ، ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ادارے نے شواہد موصول ہونے پر گورنمنٹ گرلز زیڈ ایم سکول کی ہیڈ مسٹریس سمیت مختلف سکولوں کے درجنوں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے اسناد کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر دو ماہ گزرنے کے باوجودعملدرآمد نہیں ہو سکا اور اس
دوران دومرتبہ یاد دہانی نوٹسز بھی دیئے جا چکے ہیں،مگر صورتحال جوں کی توں ہے ،جس پر گزشتہ روز مانیٹرنگ حکام کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا کہ ڈی او سکنڈر ی و دیگر افسران ریکارڈ دبائے بیٹھے ہیں، اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد میں رکاوٹیں ڈال کر معاملات کو دبایا جا رہا ہے اگر جلد از جلد اسناد کی تصدیق اورریکارڈ نہ دیا گیا تو کیسز اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دیئے جائیں گے جو خود چھان بین کر کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریگا۔