اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر سیاسی رہنما چوہدری نثار علی خان پاکستان واپس آنے کے بعد اپنے آبائی حلقے گئے، جہاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ فی الحال کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا ہوں، کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے خبریں حقائق کے برعکس ہیں۔ چوہدری نثار علی خان نے سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت ایک شدید سیاسی محاذ آرائی کی جانب بڑھ رہا ہے، اگر سیاسی محاذ آرائی کا تدارک نہ کیا گیا تو ملک میں عدم استحکام
بڑھے گا اور یہ عدم استحکام موجودہ حالات میں پاکستان کے مسائل میں بہت اضافے کا باعث بنے گا، چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حکومت کو اس تناظر میں چاہیے کہ وہ احتساب اور انتقام میں تفریق کرے، انہوں نے کہا کہ آج سیاست گالم گلوچ اور الزام تراشی کا دوسرا نام بن گئی ہے، سچ اور جھوٹ میں فرق ختم ہو گیا ہے، چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ تصادم اورجنگ کی کیفیت سے نکلنا ہوگا، پاکستان کو شفاف و پرامن سیاست اورجمہوری عمل سے ہی مضبوط کیا جا سکتا ہے۔