اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی دو یونیورسٹیز نے ایشیا کی 100 بہترین جامعات میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (لمس) نے کیو ایس ایشیا یونیورسٹیز رینکنگز 2019 میں ایشیا کی 100 بہترین جامعات کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔
ان دونوں پاکستانی جامعات کی رینکنگ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتری آئی ہے جس کے بعد انہیں 100 بہترین تعلیمی اداروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کیو ایس ایک برطانوی ادارہ ہے جو ایشیا کی 500 کی جامعات کی فہرست جاری کرتا ہے۔نسٹ گزشتہ برس 500 بہترین جامعات کی فہرست میں 112 ویں نمبر پر تھی اب یہ 87 ویں نمبر پر ہے جبکہ لمس 103 سے 95 ویں نمبر پر آئی ہے۔قائداعظم یونیورسٹی گزشتہ برس اس فہرست میں 133 ویں نمبر پر تھی تاہم رینکنگ میں بہتری کے بعد 2019 کی فہرست میں یہ 109 ویں نمبر پر موجود ہے۔جامعہ کراچی نے بھی ایشیا کی 500 بہترین جامعات کی فہرست میں جگہ بنائی ہے اور یہ 251 سے 260 کے گروپ میں موجود ہے۔کیو ایس 6 خصوصیات کی بنیاد پر جامعات کی فہرست ترتیب دیتا ہے جن میں تعلیمی معیار، ملازمین کی شہرت، فیکلٹی طلبا کا تناسب، بین الاقوامی فیکلٹی کا تناسب اور بین الاقوامی طلبا کا تناسب شامل ہے۔ایشیا کی 10 بہترین جامعات میں نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور( این یو ایس ) ٗدی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ ٗنانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی، سنگاپور (این ٹی یو) ٗسنگ ہوا یونیورسٹی، چین ٗپیکنگ یونیورسٹی، چین ٗفودان یونیورسٹی، چین ٗدی ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٗکوریا ایڈوانسڈ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، جنوبی کوریا ٗدی چائینیز یونیورسٹی آف ہانگ کانگ ( سی یو ایچ کے) اور سیول نیشنل یونیورسٹی ، جنوبی کوریا شامل ہیں