اسلام آباد (این این آئی)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ چینی قیادت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان پہلے چائینہ انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کے لئے 2 سے 5 نومبر تک شنگھائی جائیں گے ۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اگست 2018 میں منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا یہ چین کا پہلا سرکاری دورہ ہو گا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ
وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد چین کا دورہ کریگا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی اس وفد میں وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اس دورہ چین میں وزیراعظم عمران خان چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور کثیر جہتی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور بعد ازاں شنگھائی میں انٹرنیشنل ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔