اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ایک انٹرویومیں لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان دوسروں پر این آر او کے الزامات لگاتے ہیں، لیکن اصل میں وہ خود اس کے عادی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کی زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتا لیکن اتنا ضرور کہنا چاہتا ہوں کہ یہ این آر او کرکے ہی وزیراعظم بننے ہیں ۔ جب سوال
کیا گیا کہ آخر عمران خان کس کے ساتھ این آر او کرکے آئے ہیں؟ تو انہوںنے کہاکہ سب کو معلوم ہے کہ ماضی میں عمران خان سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے چیف پولنگ ایجنٹ تھے اور اس وقت بھی وزیراعظم بننے کی خواہش ان کے دماغ پر سوار تھی۔پی پی پی رہنما نے واضح کیا کہ ہم نے نہ تو پہلے کبھی این آر او مانگا تھا اور نہ ہی آج ایسا کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کیونکہ ہم اپنے خلاف بننے والے تمام مقدمات کا عدالتوں میں جاکر سامنا کررہے ہیں۔