اسلام آباد(وائس آف ایشیا) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی اسکینڈل دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے ایل این جی اسکینڈل کو دوبارہ کھولنے اور اسکینڈل میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب نے اس حوالے سے اپنی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے اہم ثبوت بھی حاصل کرنا شروع کر دئے ہیں۔اس حوالے سے نیب راولپنڈی نے متعلقہ وزارتوں سے ریکارڈ طلبی کے لیے خط بھی ارسال کر دئے ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں نیب کراچی نے ایل این جی اسکینڈل کو بند کر دیا تھا جس کے بعد اب نیب نے اس اسکینڈل کو دوبارہ کھولنے اور اس کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں ہی نیب نے 220ارب اینگرو ایل این جی ٹرمینل اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی سمیت 8سے زائد افسران کے خلاف تحقیقات کرنے کا اعتراف کیا تھا۔سابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے ایل این جی اسکینڈل میں با اثر شخصیات کو بچانے کے لئے انکوائری رکوا دی تھی۔