اسلام آباد(آئی این پی) حکومت نے گیس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے،300روپے یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ، ای سی سی نے 300سے700یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے 10فیصد جبکہ700سے زائد ماہانہ یونٹ استعامل کرنے والے صورافین کیلئے بجلی کی قیمت میں15فیصد اضافی کیا گیا ہے۔ ای سی سی کی جانب سے منظور کردہ
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حتمی منظوری کیلئے(آج)جمعرات کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔بدھ کو وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی ) کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی اصولی منظوری دی گئی تاہم ای سی سی کی جانب سے منظور کردہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ توقع سے کم کیا گیا ہے، واجبات کی وصولی اور گردشی قرضوں کو کم کرنے کے لیے اقدمات کیے ہیں۔اسد عمر نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق تفصیلات دینے سے گریز کیا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں کے نئے سلیب متعارف کروائے جائیں گے، امیر طبقے کے لیے بجلی زیادہ مہنگی ہوگی جب کہ برآمدی شعبہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں سہولت دی گئی ہے، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے ٹیرف ریشنلائزیشن پلان کی منظوری دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 300روپے یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا البتہ 300یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی 10فیصد مہنگی کی گئی ہے جبکہ جبکہ700سے زائد ماہانہ یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں15فیصد اضافی کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے زرعی شعبے کو بڑا ریلیف دیا ہے اور زرعی ٹیوب ویل کے بجلی کے نرخ 10روپے 50پیسے فی یونٹ سے کم کرکے 5روپے50پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں