اسلام آباد(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر اورمسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران حکومت سے این آر او کس نے کیسے اور کب مانگا؟ عمران خان شوشے چھوڑنے کی بجائے قوم کو ساری بات بتائیں۔ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے لوگوں کو احتساب کی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ،دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے نکالنے اور بہتان تراشی کرنے والے سکھا شاہی کے ذریعے حکومت چلانا چاہتے ہیں ، حکومت میں ہمت ہے تو لٹیروں کو پکڑیں ،
انصاف اور احتساب کے نام پر انتقام نہیں چلے گا۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے تبدیلی سرکار نے مڈل کلاس کا کچومر نکال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کشکول توڑا تو پی ٹی آئی حکومت نے آتے ہی ملک ملک جھولی پھیلا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں ہمت ہے تو لٹیروں کو پکڑیں ،انصاف اور احتساب کے نام پر انتقام نہیں چلے گا۔ وزیراعظم کی جانب سے این آر او مانگنے کے بیان پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران حکومت سے این آر او کس نے کیسے اور کب مانگا؟ عمران خان شوشے چھوڑنے کی بجائے قوم کو ساری بات بتائیں ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم آفس سے سیاسی مخالفین کو احتساب کے نام پر رگڑا لگانے کی ہدایات جاری کی جاتی ہیں ، کرپٹ عناصر میں گھرا ایک شخص دوسروں کو کیسے دیانت کا سبق دے سکتا ہے ،حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے لوگوں کو احتساب کی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے ،دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے نکالنے اور بہتان تراشی کرنے والے سکھا شاہی کے ذریعے حکومت چلانا چاہتے ہیں