راولپنڈی ،لاہور(سی پی پی ) ریلوے ملازمین کیخلاف وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے احتجاج کرنے کی وجہ سے مقدمہ درج کرادیا جبکہ ایک ملازم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے پبلک سیکرٹریٹ اور رہائش گاہ لال حویلی کے سامنے ریلوے ملازمین نے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا تھا۔ نئے پاکستانمیں جن ریلوے ملازمین نے اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی اور ساتھیوں کو متحرک کیا ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ریلوے پولیس نے نقص امن کے خدشے کے تحت ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ریلوے ملازم یاسر وجاہت کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔دریں اثناء وفاقی ریلوے وزیر شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلوے میں خالی اسامیوں پر بھرتی سمیت ہر کام قانون کے تحت کرنے کا حکم دیا ہے۔ریلوے ہیڈ کوارٹر آفس لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ ریلوے میں خلاف قانون کام کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے ریلوے کی آمدنی بڑھانے اور ٹرینوں میں جی پی ایس سسٹم لگانے کا بھی حکم دیا۔