لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلوے کو خسارے سے نکالنے کا چیلنج قبول کر لیا، میڈیا ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد کو ریلوے کی وزارت سنبھالے ہوئے صرف پچاس روز ہوئے ہیں لیکن گزشتہ مالی سال کی نسبت ایک ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی محنت رنگ لانے لگی، اس سے قبل ایک رپورٹ جاری ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 12 سال بعد وزارت ریلوے کا انتظام دوبارہ سنبھالنے والے
شیخ رشید احمد کے اقدامات کی بدولت ریلوے کی آمدنی میں 55 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے اور ریلوے کے خسارے میں کمی ہونا شروع ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ شیخ رشید احمد نئی ٹرینوں کا آغاز کر رہے ہیں اور کئی بند روٹس کا دوبارہ آغاز کر رہے ہیں اسی سلسلے میں ریلوے اسٹیشن ولہار کی رونقیں 7 سال بعد واپس لوٹ آئیں،روہی فاسٹ پسنجر ٹرین کی ولہار اسٹیشن پر اسٹاپ کی وجہ سے اہلیان علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیل کے مطابق بدھ کو ولہارریلوے اسٹیشن پر روہی فاسٹ پسنجر ٹرین کا شاندار استقبال کیا گیا‘ٹرین کے عملہ کو ہار پہنائے گئے اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔اس موقع پر کثیر تعداد میں عوام موجود تھے معززین علاقہ نے حکومت کی طرف سے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایک وقت تھا اس اسٹیشن پر بہت رونق ہوتی تھی یہاں پر چار سے پانچ ٹرینیں رکتی تھیں اور آس پاس کی درجنوں بستیوں سمیت سنجر پور کوٹ سبزل کی عوام کو آرام دہ اور سستا سفر کی سہولت حاصل تھی اور بعد ازاں ان ٹرینوں کے اسٹاپ ختم کر دئیے گئے،اب دوبارہ اسٹاپ بحال کر کے حکومت نے عوام کا دیرینہ مسلہ حل کر دیا ہے ۔پریم یونین (سی بی اے )صادق آباد زون کے مزدوروں نے بھی ولہار ریلوے اسٹیشن پر روہی فاسٹ پسنجرٹرین کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر صدر سگنل زون تحسین ارشد کھوکھرنے کہاکہ
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمدکے اس بہترین اقدام کو سراہتے ہیں‘اس سے عوام کو بہترین سفری سہولت ملے گی انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے سو روزہ پلان میں جہاں عوام کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں وہاں پرریلوے کے ملازمین کی اپ گریڈیشن ‘ مراعات اور الاؤنس میں اضافہ کیاجائے ۔ دریں اثناء روہی ایکسپریس کا صادق آباد ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ریلوے کے افسران ‘ ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ٹرین کا استقبال کیا ڈرائیوراور عملہ کے افراد کو پھولوں کے ہار پہنائے ،بعد ازاں ٹرین خان پور کیلئے روانہ ہو گئی ۔