لاہور (آئی این پی) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی مرحومہ اہلیہ کلثوم نواز کا چہلم (کل)جمعرات کو رائے ونڈ جاتی امراء میں ہو گا۔ چہلم میں صرف شریف خاندان کے قریبی افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر محفل نعت ہو گی اور عام افراد کو دعوت نہیں دی جائیگی۔واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کو گلے کے
سرطان کی تشخیص ہونے کے بعد علاج کی غرض سے لندن کے ایک نجی ہسپتال ہارلے اسٹریٹ کلینک 22 اگست 2017ء کو لندن منتقل کیا گیا تھا۔ یکم ستمبر 2017ء کو اْن کے گلے کی کامیاب سرجری مکمل ہوئی۔ تیسری سرجری 20 ستمبر 2017ء کو ہوئی۔ اِس کے بعد اْن کی طبیعت میں بہتری آتی گئی لیکن جون 2018ء میں دورہ قلب کی وجہ سے اْن کی طبیعت انتہائی ناساز ہو گئی اور اْنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ تین ماہ انتہائی نگہداشت کے باوجود وہ گلے کے کینسر کے باعث 11 ستمبر 2018ء کو صبح 11 بجکر 15 منٹ لندن کے ایک نجی ہسپتال ہارلے کلینک میں انتقال کرگئی تھیں۔ اْن کی میت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز PK 758 سے جمعہ 14 ستمبر 2018ء کی صبح 6 بجکر 45 منٹ پرلاہور لائی گئی جہاں حمزہ شہباز شریف نے اْن کی میت کو وصول کیا۔ میت ایمبولینس کے ذریعے جاتی عمرہ پہنچائی گئی۔14 ستمبر 2018ء کو نماز عصر کے بعد نمازِ جنازہ اداء کی گئی اور شریف خاندان کے آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی۔ نمازِ جنازہ مشہور عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھائی تھی۔