اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کے حالیہ ضمنی انتخابات میں ایک فاتح جماعت بن کر ابھری ہے،انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ قومی اسمبلی میں بھی جماعت کی نشستوں میں اضافہ ہوا۔ ہانگ کانگ کے
معروف اخبار ’’ایشیاء ٹائمز‘‘ کی جانب سے منگل کو شائع کئے جانے والے ایک تجزیے کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے ضمنی انتخابات میں 4قومی اسمبلی کی نشستیں حاصل کیں،جن میں سے ایک نشست وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چھوڑی گئی تھی جبکہ ایک دوسری نشست بھی پاکستان تحریک انصاف کے ایک اہم امیدوار کی جانب سے خالی کی گئی تھی جس پر (ن) لیگ کے امیدوارنے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان تحریک انصاف کیلئے یہ الیکشن اس لحاظ سے اچھا نہیں رہا کہ وہ اپنی قومی اسمبلی کی چھوڑی ہوئی 3نشستیں بچانے میں ناکام رہے۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت بھی ضمنی انتخابات کی مہم سے عدالتی مقدمات کے باعث غائب رہی تاہم الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بذات خود ایک اچھی انتخابی مہم کے ذریعے یہ نشستیں اپنے نام کیں۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے ضمنی انتخابات کے نتائج پر اپنی جماعت کے رہنماؤں کے سامنے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ان عوامل کا جائزہ لیا جا سکے جن کے باعث انتخابات کے نتائج حکمران جماعت کیلئے اچھے نہیں رہے۔