کراچی(آئی این پی) حکومتِ سندھ نے افغانیوں اور بنگالیوں سمیت غیرملکیوں کو شہریت دینے کی وفاقی حکومت کی تجویز مسترد کردی۔چاروں صوبوں کے سیکریٹری داخلہ اور وزارت داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں غیر ملکیوں کو شہریت کے معاملے پر تحفظات و تجاویز پیش کی گئیں۔ سندھ حکومت نے وزیراعظم کے اعلان پر وفاقی حکومت کو اپنے باضابطہ موقف سے آگاہ کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو شہریت دینے کی مخالفت کردی۔سندھ حکومت نے سٹیزن شپ ایکٹ میں ترمیم کا
مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانیوں، بنگالیوں سمیت غیرملکیوں کو شہریت دینا قبول نہیں، غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ دینے سے مسائل بڑھیں گے۔سیکریٹری داخلہ عبدالکبیر قاضی نے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف ہے کہ غیرقانونی مقیم افراد کو شہریت نہیں دی جاسکتی، وفاقی حکومت سٹیزن شپ ایکٹ کی خامیوں کو دور کرے اور پارلیمنٹ سے ترامیم منظور کرائے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ افغانیوں اور بنگالیوں کوشہریت دینے کا اعلان کیا تھا۔