لاہور ( این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ موجودہ حکمران کھلاڑی ہیں نہ اناڑی بلکہ کھلنڈرے ہیں جو معیشت کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں، نیب کے پیچھے نیازی ہے اور وہ اپنا شوق پورا کر لیں ، ضمنی انتخابات کیلئے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا مگر معاملہ الٹا پڑ گیا اور تاریخ میں پہلی بار حکومت ڈیڑھ ماہ قبل جیتی ہوئی اپنی سیٹیں بھی ہار گئی ،عام انتخابات میں دو ہزار ووٹوں کے مارجن سے جیتنے کے بعد دس ہزار ووٹوں سے ہار جانا یہی عوام کا احتساب ہے ،
ہمیں اقتدار میں آنے کی جلدی نہیں ابھی ہمیں اپوزیشن کا مزہ لینے دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بجٹ اجلاس کے موقع پر پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کو ایک بار پھر عوامی عدالت میں سرخرو ہونا نصیب ہوا ۔تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ 71 سالہ تاریخ میں کبھی بھی نئی آنے والی حکومت ڈیڑھ ماہ قبل جیتی ہوئی نشستیں نہیں ہارتی اور صرف تحریک انصاف کے ممبران نہیں بلکہ لیڈر کی بھی جیتی ہوئی نشست ہار گئے ۔ یہ عوام کا (ن) لیگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے ساتھ مذاق کیا گیا جس سے ملک پر 900ارب کا قرض چڑھ گیا ، سٹاک مارکیٹ زمین بوس ہو گئی ، گیس اور بجلی کے نرخ بڑھانے کے بعد ایک بار پھر عوام پر بجلی کا بم گرانے جا رہے ہیں ، یہ خود کو کھلاڑیوں کی جماعت کہتے ہیں لیکن معیشت سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ عمران خان نیازی عوام نے آپ کے جھوٹ اور یوٹرن کا احتساب شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بے بنیاد الزامات پر گرفتار ہوئے اور اب شہباز شریف کا ایک بار پھر چودہ روزہ ریمانڈ دیدیا گیا ہے یہ کیا مذاق ہو ررہا ہے ، نیب کو کون سی خورندبین یا عینک چاہیے جس سے انہیں پنجاب بینک لوٹنے والے اور این آئی سی ایل کیس میں جیل کاٹنے والے اور
کابینہ میں بیٹھے ہوئے قبضہ گروپ نظر آئیں۔ نیب کو کون سے خوردبین چاہیے جس سے انہیں علیم خان کی کرپشن نظر آسکے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ احتساب بنی گالہ سے شروع کیا جائے ، کابینہ میں بیٹھ کر غریبوں کے روزگار کو ٹھوکر مارنے والے کو بنی گالہ نوٹس بھجوانا کیوں یاد نہیں آیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب کے پیچھے عمران خان نیازی ہے لیکن آپ اپنا شوق پورا کر لیں ، ضمنی انتخابات کے لئے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا لیکن معاملہ الٹا پڑ گیا ،
آپ کی پچاس روز کی کلابازیوں سے سٹاک ایکسچینج زمین بوس ہو گئی ہے،ضمنی انتخابات شروعات ہیں آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے صرف دو کام کیے ہیں جن میں بھینسوں کی نیلامی اور پیٹرول پمپوں کے غسل خانوں کی صفائی ہے اور آپ اسی قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سے عمران خان کا حسد اور بغض سامنے آگیا ہے ، اب پارلیمانی کمیشن بن گیا ہے اب دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ
میں والد کی دونوں پیشیوں پر کمرہ عدالت میں موجود تھا ، نیب کے پاس کہنے کے لئے کچھ نہیں ہے ، نیب کی جانب سے اس شخص کا دفاع کیا جا رہا ہے جو کروڑوں روپے کی پلی بارگین کر کے رہا ہوا ہے ، شہباز شریف کا یہی قصور ہے کہ اس نے ایک کرپٹ شخص کے خلاف کارروائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار میں آنے کی جلدی نہیں ، اپوزیشن کا مزہ لینے دیں ،وقت گزر رہا ہے اور بڑے بڑے دعوے کرنے والے حکمرانوں کے اصل چہرے بے نقاب ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے آنے والے شیشے کے گھر میں بیٹھے ہیں ، ہم اسمبلیوں اور اس کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔