لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہ کر سکے ،پولنگ اسٹیشن آمد پر کارکنوں نے نواز شریف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور نعرے لگا کر استقبال کیا ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پولنگ کا وقت ختم ہونے سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل حلقہ این اے 124 کے ریلوے روڈ پرگورنمنٹ ٹیکنیکل کالج میں قائم پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کیلئے پہنچے جہاں شاہد خاقان عباسی ، مجتبیٰ شجاع الرحمان، ڈاکٹر اسد اشرف ، علی پرویز ملک اور چوہدری شہباز ان
کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔ نواز شریف کی آمد کی اطلاع پر کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی جمع ہو گئی جنہوں نے نواز شریف کی گاڑی کو گھیر لیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور میاں صاحب آئی لو یو، وزیر اعظم نواز شریف ، شیر شیر کے نعر ے لگاکر ان کا استقبال کیا ۔ نواز شریف کے ہمراہ موجود سکیورٹی کی جانب سے کارکنوں کو پیچھے ہٹا کر گاڑی کو پولنگ اسٹیشن کے اندر لیجایا گیا۔ بتایا گیا کہ نواز شریف جب پولنگ اسٹیشن پہنچے تو ان کے پاس قومی شناختی کارڈ موجود نہ تھا جس کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہ کر سکے اور واپس روانہ ہو گئے ۔