لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، سی پی پی)ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کو جتوانے کی کوشش یا پھر کچھ اور؟ لاہور میں پولنگ کے دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پکڑدھکڑجاری ،سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایلیٹ فورس اورسول وردی میں ملبوس جوان لیگی کارکن کو گرفتار کرکے لے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے کونسلر ناصر مسیح لدھڑبیدیاں روڈ پر اپنے آفس میں موجود تھے کہ ایلیٹ فورس اور سول کپڑوں میں ملبوس جوانوں نے چھاپہ مارکر انہیں حراست میں لے لیا۔لیگی کونسلر کی گرفتاری پر کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج بھی کیا گیا ،ناصر مسیح کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ معلوم نہیں کہ پولیس ان کے بیٹے کو اٹھا کر کہاں لے گئی ہے،ناصر مسیح کے اہلخانہ کی جانب سے مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا تاہم پولیس کی جانب کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیشتر کارکنوں کو پولنگ سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا جبکہ کچھ کو پولنگ کے دوران اٹھا لیا گیا۔قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 لاہور میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ شروع ہوئی توسعد رفیق نے حلقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی یقینی ہے، مہنگائی اور حکومتی منفی ہتھکنڈوں کے ردعمل میں ن لیگ کے ووٹرز گھروں سے نکلیں گے، پولنگ سٹیشن میں پولنگ بوتھ درست نہیں بنائے گئے ہیں جبکہ کارکنوں کو پولنگ سے قبل اور پولنگ کے دوران اٹھالیا گیا جو سراسرناانصافی ہے ۔سعد رفیق نے کہا کہ حکومت انتقامی ہتھکنڈوں پر اتر آئی، میرا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، بھاگنے والا نہیں اور نہ پہلے کبھی بھاگا ہوں۔
حکومت خوف کا شکار ہے، حکومت جو مرضی کر لے حلقہ 131 میں جیت ن لیگ کی ہی ہوگی۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ 131 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ایک سرگرم کارکن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق چار ڈبل کیبن پک اپس پر سوار کالی وردیوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے مسلم لیگ ن لاہور کینٹ کے سرگرم رکن باؤ نعیم کو اغوا کیا ہے۔واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا کہ سیاسی کارکنان کی گرفتاریاں اور اغوا جلتی پر تیل کا کام دیں گی۔