لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کے خلاف خبر چلانے پر پیمرا نے خبر دینے والے چینلز کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ چند ٹی وی چینلز کی جانب سے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر سے وزیراعظم عمران خان ناخوش اور شہر یار آفریدی کی طرف سے اپنے گھر کی تزئین و آرائش پر رقم خرچ کرنے کی خبر پر پیمرا نے انہیں نوٹس جاری کر دیا ہے، ان چینلز کو دیے گئے نوٹس میں پیمرا نے کہا ہے کہ اسد عمر اور شہر یار آفریدی
کے بارے جعلی خبریں نشر کرنے پر ٹی وی چینلز فوری طور پر تردید چلائیں یا پھر اپنی خبر کے دفاع میں دو دن کے اندر ثبوت فراہم کریں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ان چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی کے ساتھ ساتھ ان کا لائسنس بھی معطل کیا جا سکتا ہے۔ نوٹس دینے والی خبر کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ خبر ٹی وی چینلز کے رپورٹرز کو وزارت اطلاعات کی جانب سے واٹس ایپ کے ذریعے دی گئی ہے اور اس کا اب تک کوئی باضابطہ نوٹس کہیں بھی اپ لوڈ نہیں کیا گیا ہے۔