اسلام آباد(آئی این پی) خسارے میں چلنے والی پاکستان ریلوئے کے افسران نے مال مفت دل بے رحم کے مصدق ادارے کو کروڑوں کا ٹیکہ لگا دیا ، ریلوے افسران نے پانچ سالوں میں 371 غیر ملکی دورے کیے۔وزارت ایک جانب زمین فروخت کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب افسران نے پانچ سالوں میں 371غیر ملکی دورے کر ڈالے سرکاری دستاویزات میں انکشاف
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے اپنا خسارہ کم کرنے کے لیے اپنی زمینیں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن گذشتہ پانچ سالوں میں خسارے میں چلنے والی ریلوے کے افسران نے کروڑوں روپے خرچ کرکے تین سو اکہتر غیر ملکی دورے کئے۔ حکومت جہاں ریلوے کے خسارے کو کم کرنے کے لیے ریلوے کے اثاثے بیچ رہی ہے وہیں ریلوے افسروں نے مشینری دیکھنے اور ٹریننگ کے بہانے سینکڑوں غیر ملکی دورے کئے۔ دستاویزات کے مطابق خسارے میں چلنے والے ریلوے افسران نے پانچ سالوں میں 371 غیر ملکی دورے کیے۔دستاویزات کے مطابق گذشتہ پانچ سالوں میں بیرون ملک مشینری دیکھنے کے لیے 266 غیر ملکی دورے ریلوے افسران نے کیے۔ ٹریننگ ورکشاپوں میں شرکت کرنے کے لیے ریلوے افسران نے پانچ سالوں میں 105غیر ملکی دورے کیے۔ ریلوے افسران نے سرکاری خرچ پر چین، ترکی، برطانیہ، امریکہ سمیت مختلف ممالک کے دورے کیے۔ ریلوے افسران نے دو ہزار تیرہ میں51، سال دو ہزار چودہ میں34 اور دو ہزار پندرہ میں45 غیرملکی دورے کیے۔ سال دو ہزار سولہ میں 109، سال دو ہزار سترہ میں90 اور دو ہزار اٹھارہ میں 41 غیر ملکی دورے ریلوے افسران نے کیے۔باخبر ذرائع کے مطابق ان پانچ سالوں مین پاکستان ریلوئے کے افسران نے صرف دورے کیے لیکن امریکہ ، برطانیہ ، ترکی سمیت کسی ملک سے ریلوئے انجن نہیں خریدئے گے ۔کروڑوں روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ کرنے کے باوجود ریلوے اب بھی نہ صرف خسارے میں چل رہی ہے بلکہ ریلوے کی زمینوں کو بیچ کر ریلوے کو خسارے سے نکالنے کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔