لاہور (نیوز ڈیسک) آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احمد چیمہ کے خلاف ایک اور میگا کرپشن کیس شروع کرنے کی تیاری کر لی گئی ،قومی احتساب بیورو (نیب ) کو قائد اعظم تھرمل پاور کمپنی میں کرپشن کیس میں احمد چیمہ سے جیل میں تحقیقات کرنے کی اجازت دیدی گئی ۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے درخواست پر سماعت کی ۔ نیب لاہور کی جانب سے قائد اعظم تھرمل پاور
کمپنی میں کرپشن کے معاملے پر جیل میں احد چیمہ سے تحقیقات کرنے کے لئے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ کی وساطت سے درخواست دی گئی تھی جس میں کہاگیا کہ احد چیمہ نے غیر قانونی طور پر بھرتیاں کیں، اسٹنٹ منیجر اکائونٹس اور اسٹنٹ منیجر فنانس بھرتی کئے گئے لہٰذا احد چیمہ سے جیل میں تحقیقات کی اجازت دی جائے ۔احتساب عدالت نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے نیب کو احد چیمہ سے جیل میں تحقیقات کی اجازت دیدی ۔