لاہور(آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہاہے کہ ملک چلانے کیلئے وژن چاہیے جبکہ عمران نیازی اس سے عاری ہے ،تم جعلی مینڈیٹ کے ذریعے وزارت عظمیٰ کی کرسی پر تو بیٹھ گئے ہو لیکن عوام کے دلوں میں نواز شریف ہی بستا ہے،عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے اور اتنے یوٹرن لئے ہیں ہیں کہ اس پر فلم بن سکتی ہے ،جعلی مینڈیٹ سے آنے والا عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتا وہ انشاء اللہ نواز شریف ہی بدلے گا،14اکتوبر کو عوام کا فیصلہ نوز شریف کے حق میں ہو گا،
لاہوریوں اب ضمنی انتخاب میں تھوڑے دن رہ گئے ہیں’’ لسی پی کر سوئے نہ رہنا اب چائے پینی شروع کر دو ‘‘۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوہا مارکیٹ مصری شاہ میں حلقہ این اے 124کے مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر بڑے اجتماع اورضمنی انتخابات کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر حلقہ سے امیدوار شاہد خاقان عباسی ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن ، چوہدری عامر صدیق ، میاں عثمان ،ڈاکٹر اسد اشرف ،چودھری وسیم قادر، سواتی خان ، سید تو صیف شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہکہ عوام تحریک انصاف کے کھو کھلے دعوؤں کی حقیقت جان چکی ہے، عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں اور ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ رہنماؤں اور کارکنوں نے ضمنی انتخاب میں کسی دھونس اور دھاندلی کوکامیاب نہیں ہونے دینا اور ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں پروٹوکول نہیں لوں گا لیکن پروٹوکول لینے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، کہتے تھے ہم آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے لیکن اب کہہ رہے ہیں اس کے پاس جانا پڑے گا اور مذاکرات کر رہے ہیں ،ان کے اتنے یوٹرن ہیں کہ اس پر ایک فلم بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013ء میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کریں گے مگر ہمارے پاس پیسہ نہیں تھا ، ہم نے اپنا پیٹ کاٹ کر بجلی کے کارخانے لگائے ۔
ہماری محنت کو دیکھ کر چین نے ہمارا ہاتھ پکڑا اوراربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ،پوری قوم گواہ ہے کہ نواز شریف نے چندا نہیں مانگا تھا لیکن آج عمران خان دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے میٹنگ لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے پاس پیسہ نہیں ،آپ کے پیسہ نہیں بلکہ وژن ہی نہیں ہے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ وہ شخص ہے جو قتل کے مقدمت میں دیت دے کر جان چھڑا کر آیا ہے ، سینئر وزیر وہ شخص ہے جو غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرتا ہے ،پنجاب میں سپیکر کی کرسی پر اس شخص کو بٹھا دیا گیا ہے جس نے پنجاب بینک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ۔ نیازی خان تم جھوٹ بول کر عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتے ، وہ انشاء اللہ نواز شریف ہی بدلے گا۔ نیازی صاحب آج عوام تو دھاندلی دھاندلی کہہ ہی رہے ہیں اب تمہاری کابینہ میں بیٹھے ہوئے وفاقی وزیر بھی دھاندلی دھاندلی کررہے ہیں ، جعلی وزیر اعظم کا انجام عوام اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے ۔