کراچی(این این آئی)پاکستان کی ایٹمی میدان میں ایک اور بڑی کامیابی کا اعلان کردیاگیا،کراچی میں نیو کلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ تھری کا سول ورکس مکمل کرلیا گیاہے۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے نیو کلیئر پاور پلانٹ تھری میں ڈوم نصب کر دیا، یہ انرجی کمیشن کی جانب سے ایک اور بڑی کام یابی ہے۔ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے بتایاکہ کے تھری نیو کلیئر پاور پلانٹ پر گنبد کی تنصیب کے بعد سول ورکس مکمل ہوگیا ہے ۔کے ٹو اور کے تھری کو
شیڈول کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں ، کے ٹو اور کے تھری 2020 اور 2021 سے کام شروع کردیں گے ۔محمد نعیم نے کہا کہ کراچی ٹو اور تھری پاور پلانٹ شیڈول کے مطابق پیداوار شروع کردیں گے، کراچی ٹو، تھری پاور پلانٹ کی تکمیل سے 2200 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ترجمان اٹامک انرجی کمیشن شاہد ریاض نے بتایا کہ ڈوم پاور پلانٹ کا سب سے مضبوط حصہ ہوتا ہے، جو نیو کلیئر پاور پلانٹ کے تابکاری اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔