اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس پیر کو ہوگا، اجلاس میں چاروں وزراء اعلیٰ اور وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا ہے جس میں چاروں وزراء اعلیٰ اور وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔ اجلاس میں 7نکاتی ایجنڈے ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے معاملات سمیت کراچی کو 1200کیوسک اضافی پانی دینے پر غور کیا جائے گا
جبکہ بلوچستان کے توانائی مسائل کے حل ، پٹ فیڈر اور کیرتھر کینال کو پانی کی فراہمی ، ای اوبی آئی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے معاملات پر بھی مشاورت کی جائیگی۔ اجلا س میں وزیر اعظم صفائی مہم شروع کرنے کیلئے وزرائے اعلیٰ سے بھی مشاورت کرینگے۔واضح رہے کہ اس اجلاس میں پانی کی قلت، ڈیم بنانے سے متعلق پالیسی، سمیت اہم حکومتی منصوبوں پرصوبوں کواعتماد میں لیا جائے گا۔مشترکہ مفادات کونسل کے اس اجلاس میں ملک کے اہم معاملات پرصوبوں کواعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کالاباغ ڈیم،، دیامیر بھاشا ڈیم پرصوبوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں اور ڈیموں، پانی کی قلت سمیت دیگر اہم معاملات پرصوبوں کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق آئینی پٹیشن نمٹاتے ہوئے فوری طور پر دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم تعمیر کرنے کے حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ڈیموں کی تعمیر کا کام فوری طور پرشروع کرکے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے۔