لاہور( نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی ( واسا) کو پانی کے تمام کنکشنز پر میٹر لگانے کی ہدایات جاری کر دیں ، فی میٹر 7ہزار روپے تخمینہ لگایا گیا ہے جس کیلئے رقم حکومت ادا کرے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر ہائوسنگ ،اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں محمود الرشید نے مینیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز کو ٹاسک دیا ہے کہ زیر زمین پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے تمام پانی کے تمام کنکشنز پر میٹرز لگائے جائیں ۔ صوبائی دارالحکومت
لاہو ر میں واسا کی جانب سے صرف 50ہزار گھروں میں واٹر میٹر نصب ہیں جبکہ 6لاکھ30ہزار گھروں سے فکسڈ بل وصول کیا جارہا ہے ۔ تاہم اب حکومت نے واسا کو تمام کنکشنز پر واٹر کی تنصیب کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مزید بتایاگیا ہے کہ جائیکاکی جانب سے بھی واسا کو متعدد بار واٹرمیٹر لگانے کا کہا گیا تھا اور ٹینڈرز بھی کئے گئے تاہم سنگل ٹینڈر آنے کی وجہ سے معاملہ آگے نہ بڑھ سکا ۔ فی میٹر 7ہزار وے تخمینہ لگایا گیا ہے جس کے لئے رقم حکومت ادا کرے گی۔