اسلام آباد(این این آئی)میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ جمع کرنے کیلئے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک تفویض کر دیئے ہیں ٗسینیٹر فیصل جاوید بیرون ملک جا کر ڈیم کے لئے فنڈ ریزنگ کریں گے۔سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہامریکا میں مقیم ایک پاکستانی شہری وزیراعظم کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک ارب ڈالرعطیہ کرنا چاہتا ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے
جذبے کو سراہا۔ادھر بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے بھی ڈیم فنڈ کے حوالے سے فعال ہو گئے ہیں۔ بنکاک اورکینیڈا سمیت کئی ملکوں میں پاکستانی سفارتخانوں نے پریس ریلیز جاری کیے ہیں جن میں ڈیم فنڈز کے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔دوسری جانب بیرون ملک پاکستانیوں نے وزیر اعظم کے ڈیم کے لیے چندہ دینے کی اپیل کو خوش آمدید کہتے ہوئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ٗسوشل میڈیا پر ڈیم کے لیے فنڈز دینے کا ہیش ٹیگ پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔