لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومت آتے ہی سکولوں کی اپ گریڈیشن کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تمام پرائمری اور ایلیمنٹری سکولز کو اپ گریڈ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، حکومت پنجاب تعلیمی میدان میں سرگرم ہو گئی ہے، خصوصاً ایسی یونین کونسلیں جہاں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ہائی سکولز نہیں تھے وہاں پر فوری طور پر
سکولز کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ تمام بچوں کو یکسر تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں، حکومت پنجاب کے مطابق تعلیم ہر بچے کے لیے ضروری عمل ہے اور ان سب بچوں کو تعلیمی مواقع ملنے چاہئیں، اس کے لیے سکولز کی اپ گریڈیشن بہت ضروری ہے، حکومت پنجاب نے اس کے لیے تمام سی او ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا ہے کہ جلد از جلد تفصیلات حاصل کرکے ان سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔