لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پانچ سال کی فنانس رپورٹ پبلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دور میں ترقی صرف باتیں تھیں حقیقت میں ریلوے تباہ حال اور برباد ہے ، ہر قیمت پر ریلوے کو اسی سال خسارے سے نکالیں گے ،اخراجات میں 15فیصد کمی اور فریٹ میں 20فیصد اضافے کا ہدف دیا ہے ،اوور سیز اور نجی شعبے کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور جوائنٹ ونچر کریں،
فریٹ اور ایڈ ورٹرائزنگ کے شعبوں کو خو د دیکھوں گا ،10ہزار فور ویلرز ویگنیں چھ دہائیوں سے سکریپ ہیں جن کی شفاف طریقے سے نیلامی کی جائے گی ،ستمبر میں دو نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی ، محکمے میں بائیو میٹرک سسٹم لا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پہلی باضابطہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ میری کسی سے عناد یا محبت نہیں مجھے صرف کام اور نتائج چاہئیں ۔ فریٹ کے شعبے سے مطمئن نہیں اور اس میں 20فیصد اضافے کا ہدف دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مجھے وٹس ایپ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فریٹ ٹرینوں کے حوالے سے غلط رپورٹ دینے پر تین اعلیٰ سطح کے افسران کو معطل کر دیا ہے ۔کراچی جاؤں گا اور تمام حالات کا خود جائزہ لوں گا اور نا اہل افسران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وائی فائی کا نظام لے کر آرہے ہیں،25ستمبر تک موبائل ٹریکر سسٹم لائیں گے جس سے کسی بھی مسافر کے رشتہ دار کو معلوم ہو سکے گاکہ ٹرین کہاں پہنچی ہے ۔ آن لائن بکنگ کو مزید بہتر بنائیں گے اور ٹریول ایجنٹس کو بھی اس میں شامل کریں گے جن کی ایک شرح طے کی جائے گی ۔فریٹ ٹرین کو بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، کورئیر کمپنیوں اور دیگر پرائیویٹ لوگوں کو بھی دعوت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 15ستمبر سے دو نئی ٹرینیں راولپنڈی ،کندیاں میانوالی اور راولپنڈی ،لاہور چلا رہے ہیں،
آمدنی کے لحاظ سے جو ٹرینیں کمزور ہیں ان کی آمدنی بہتر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1800کوچز میں میں سے 1200 چل رہی ہیں جبکہ 600خراب کھڑی ہیں ہم انہیں درست حالت میں لانے کے لئے پرائیویٹ لوگوں کو دعوت دیتے ہیں ، رسالپور فیکٹری جہاں لوکو موٹیو پر کوئی کام نہیں ہو رہا اسے ان کوچز کو درست حالت میں لانے کیلئے استعمال میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو یقین دلاتاہوں کہ میں امپورٹ کی بجائے ہر چیز پاکستان میں بنانا چاہتا ہوں اور ہمارے پاس اس کی استعداد بھی موجود ہے ۔
۔10ہزار فور ویلر ویگنز چھ دہائیوں سے سکریپ کے طور پر کھڑی ہیں جنہوں نے ریلوے کی ایک وسیع جگہ گھیر رکھی ہیں ،ان کا دور ختم ہو چکا ہے انہیں شفاف طریقے سے نیلام کیا جائے گا ۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم ریلوے کے سکولز اور ہسپتالوں کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ جوائنٹ ونچر کرنا چاہتے ہیں اور ویسے بھی دینے کے لئے تیار ہیں لیکن ہم مزدور کے علاج معالجے پر کوئی بوجھ نہیں پڑنے دیں گے ۔دس سال پہلے والے کام وہیں کھڑے ہیں اور صرف باتیں کی جاتی رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی کے درمیان ایک مقام پر زگ زیگ کی وجہ سے ٹرینوں کی رفتار متاثر ہوتی ہے
ہم اس پرکام کریں گے اور اسے ٹھیک کریں گے جس سے راولپنڈی اورلاہور کے درمیان سفر کم ہو کر پونے تین گھنٹے تک محدود ہو جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ بجلی کی بلنگ میں ایک ارب روپے کا کٹ لگادیا ہے ،ڈھائی ارب روپے سے 70ہزار میٹرز لگائے جائیں گے اورہم اسے واپڈا کو دے رہے ہیں ۔ پولیس سمیت تمام ملازمین کی اپ گریڈیشن بارے سٹڈی ایک ماہ میں کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی اراضی پر 10ہزار اپارٹمنٹس بنانے کا اعلان کرتا ہوں اور پرائیویٹ سیکٹر کو اس کیلئے دعوت دیتے ہیں ان میں سے اگر کوئی گھر بچ گئے تو انہیں فروخت کریں گے یا کرائے پر دیدیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ریلوے کی چار ہزار ایکڑ اراضی وا گزار کرائیں کیونکہ ہم نے خسارے کو ختم کرنا ہے ۔ ہم پنشن کے معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تیس مزید ریلوے اسٹیشنز اپ گریڈ ہوں گے اور ان کا پی سی ون گیا ہوا ہے ، ریل پلازے فائیو سٹار ہوٹلز بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریلوے کی انتظامیہ کو ہدف دیا ہے کہ وہاں ہاؤسنگ کے منصوبے شروع کریں ، ٹاور بنائیں او رمجھے اس سال 10ارب روپے چاہئیں ۔ یہاں لوگ ویسے ہی مجاور بن کر بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اوور سیز کو بھی پیشکش کرتے ہیں کہ ٹرین حاضر ہیں اگر آپ ریلوے کی زمینوں پر ہوٹل بنانا چاہتے ہیں
آئیں بات کریں ،ٹریکس کرائے پر دینے کے لئے تیار ہیں۔ میں فریٹ اور ایڈ ورٹرٹائزنگ کے شعبوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں اور ان دونوں شعبوں کو خود دیکھوں گا۔ ریلوے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہزار پیٹرول پمپس اور پانچ فائیو سٹارہوٹلز کیلئے سائٹس دیکھیں اوریہ سب کچھ میرٹ پر اورشفاف طریقے سے ہوگا۔ ریلو ے کے 14ہزار پلوں کو بھی ایڈورٹائزنگ کیلئے پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے میں کرپشن میں زیرو ٹالرنس ہو گی ، افسران کو ہدایت کی ہے کہ جتنے بھی کیسز ہیں اسکے لئے نیب کو مطلوب تمام ریکارڈ دیں اور انہیں ہر طرح سے مدد دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ معذور مسافروں کیلئے ایلو ویٹرز لگانے کی ہدایت کی ہے
اور ان کیلئے ٹرینوں میں خصوصی پیکج تیار کرنے کی بھی ہدایات دیدی ہیں ۔ عمران خان کے اعلان کے مطابق تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو کہا ہے کہ فی الفور دو نرسریاں شروع کریں اور ٹریکس اور دیگر مقامات پر واقع ریلوے کی زمینوں پر درخت لگائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایران تفتان باڈر کو آپریٹ کرنے اور اسے بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح ہدایات کی ہے کہ ٹریکس کو سٹینڈرڈ گیج پرلایا جائے تاکہ لوکو موٹیو خریداری کیلئے کسی ایک ملک کے محتاج نہ رہیں ۔ہم نے امریکہ سے بھارت کے مقابلے میں دگنی قیمت پرانجن خریدے ہیں لیکن اب ہم نے مناپلی کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کی فنانس رپورٹ کو پبلک کرنے کا ہے ،ہم ایسا نظام لا رہے ہیں جس کے تحت کرپشن ، کارکردگی نہ ہونے ، تاخیر اور کوتاہی کے حوالے سے ہمیں براہ راست شکایات موصول ہو گی او ریہ نظام ریلوے سے باہر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے وعدہ ہے پنشن مرکز کے پاس چلی جائے تو محکمے سے دس ارب کی سبسڈی نہیں لوں گا ۔انہوں نے ریلوے میں ذیلی کمپنیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اجلاس میں کہا ہے کہ ان کمپنیوں سے جان چھڑائیں اس طرح کی ٹک شاپس بند ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ افسروں کے بیرون ممالک جانے پر پابندی لگ گئی ہے ۔