اسلام آباد (این این آئی)1992 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان کی حیثیت سے ٹرافی اٹھائے عمران خان کو دیکھ کر شاید کسی نے یہ سوچا بھی نہ ہوگا کہ یہ شخص ایک دن مملکت پاکستان کی باگ دوڑ سنبھالے گا ٗ 17اگست 2018 کو عمران خان نیازی پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں۔ ملک کے نو منتخب وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نیازی کی سیاسی اور ذاتی زندگی میں کئی نشیب و فراز آئے
مگر انہوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔25 نومبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہونے والے عمران خان پشتونوں کے مشہور قبیلے نیازی سے تعلق رکھتے ہیں تاہم ان کی والدہ شوکت خانم صاحبہ زیادہ تر میانوالی میں رہائش پزیر رہیں ٗوہ اکرام اللہ خان نیازی کے اکلوتے بیٹے ہیں۔عمران خان نے ابتدائی تعلیم لاہور میں کیتھڈرل اسکول اور ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی ٗ اس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے اور وہاں رائل گرائمر اسکول میں تعلیم حاصل کی ٗانہوں نے 1975 میں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلاسفی، سیاسیات اور معاشیات کے مضامین میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ٗعمران خان فی الوقت بریڈفورڈ یونیورسٹی برطانیہ کے چانسلر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔عمران خان کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی ایوارڈ بھی ملا۔ علاوہ ازیں 1992ء میں انہیں انسانی حقوق کا ایشیاء4 ایوارڈ اور ہلال امتیاز بھی عطا کیا گیا ۔عمران خان نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 1971 میں 18 سال کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف میچ سے کیا اور جلد ہی ٹیم میں ایک آل راؤنڈر کی حیثیت سے نمایاں جگہ بنالی ٗوہ نہ صرف ایک بہترین فاسٹ بولر تھے بلکہ انہوں نے اپنی دھواں دار بیٹنگ کے ذریعے بھی سب کو متاثر کیا تاہم ان کی شہرت اْس وقت بلندیوں پر پہنچی، جب 1982 میں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان منتخب ہوئے۔عمران خان کی ہی قیادت میں پاکستان نے پہلی مرتبہ 1992 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتا، تاہم اس کے بعد عمران خان نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ٗ
اپنے کرکٹ کیریئر میں عمران خان نے پاکستان کیلئے 88 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 37.69 کی اوسط سے 3 ہزار 807 رنز بنائے ٗسابق کپتان نے 175 ون ڈے میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور 182 وکٹیں حاصل کیں۔ 2010 میں عمران خان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، جو یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی ہیں ٗکرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد عمران خان نے سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کیا
اور کینسر کے مریضوں کیلئے لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا شوکت خانم میموریل ہسپتال بنایا۔اِسی طرز کا ایک کینسر ہسپتال پشاور میں بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں اس موذی مرض میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان نے 25 اپریل 1996ء کو پاکستان تحریک انصاف قائم کرکے سیاسی میدان میں قدم رکھا اور ان کی 22 سال کی جدوجہد کے بعد آج تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے ٗابتدائی طور پر تو عمران خان اور ان کی جماعت کو کامیابی نہیں مل سکی
تاہم 2013 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں تیسری بڑی اور ووٹ لینے والی دوسری بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی، جس نے خیبر پختونخوا میں حکومت بھی بنائی۔عمران خان نے 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی اور دارالحکومت اسلام آباد میں 126 دن پر مشتمل طویل ترین تاریخی دھرنا دے کر مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کو ٹف ٹائم دیا ٗوہ اپنے سیاسی مخالفین خاص طور پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو شدید ہدف تنقید بناتے رہے
اور ان پر کرپشن کے سنگین الزامات بھی عائد کیے۔اپریل 2016 میں پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد عمران خان اْس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ لے گئے، جس کا انجام نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے جیل جانے پر ہوا ٗ25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات عمران خان اور ان کی جماعت کے لیے کامیابی کی نوید لے کر آئے اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔عمران خان کی سیاسی زندگی کی طرح ذاتی زندگی بھی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔1995ء میں عمران خان نے برطانوی ارب پتی تاجر سر جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈ اسمتھ سے شادی کی، جو 22 جون 2004 کو طلاق پر منتج ہوئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مصروف زندگی کی وجہ سے جمائما کو وقت نہیں دے پاتے تھے۔8 جنوری 2015 کو عمران خان نے ریحام خان کے ساتھ شادی ہوئی تاہم یہ شادی بھی چند ماہ ہی چل سکی۔اس کے بعد ریحام خان کی جانب سے عمران خان پر کئی الزامات بھی عائد کیے گئے، خصوصاً حال ہی میں شائع ہونے والی ان کی کتاب میں پی ٹی آئی چیئرمین کی ذاتی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے گئے ہیں ٗرواں برس 18 فروری کو پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی تصدیق کی ٗشادی سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، بشریٰ بی بی سے روحانی رہنمائی لینے کی غرض سے پاکپتن جایا کرتے تھے۔اس شادی کا سیاسی و سماجی حلقوں میں خاصا چرچا بھی رہا ٗاپنی 22 سالہ سیاسی جدوجہد میں کئی نشیب و فراز دیکھنے کے بعد عمران خان تبدیلی کا نعرہ لگا کر اب پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں، قوم کی نظریں اب اْس حقیقی تبدیلی کی راہ تک رہی ہیں، جس کا وعدہ عمران خان نے اْن سے کر رکھا ہے۔