اسلام آباد( این این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے سید خورشید احمد شاہ کے نام کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی مسلم لیگ(ن)، ایم ایم اے، اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے متفقہ طور پر امیدوار لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ فیصلے کے مطابق
وزیراعظم کا امیدوار مسلم لیگ(ن) سے ہوگا اورڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے سے جبکہ اسپیکر پاکستان پیپلزپارٹی کو ہوگا۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی دھاندلی زدہ انتخابات پر تمام تحفظات کے باوجود پارلیمنٹ میں بیٹھ کر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی قیادت نے تمام جمہوری قوتوں کو متحد کیا اور عہد کیا ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں گے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم ہر عہدے پر پاکستان تحریک انصاف کے ہر امیدوار کا مل کر مقابلہ کریں گے۔