کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلی بلوچستان نومنتخب رکن قومی وصوبائی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ جاکر ملاقات سے انکار کردیا ہے اور کہاہے کہ اگر انہوں نے ملاقات کرنی ہے تو وہ بلوچستان ہاؤس آکر مجھ سے ملاقات کرسکتے ہیں ،سردار اختر جان مینگل نے یہ بات جمعرات کے روز بلوچستان ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال پر کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا جائے اور ہم آنکھیں بند کرکے حمایت کریں، جے یو آئی اتحادی ہے، حکومت
یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کرینگے،انہو ں نے مزید کہاکہ جسے ضرورت ہے وہ بلوچستان ہاؤس آکر انہیں ملے جبکہ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سردار اختر جان مینگل کو گزشتہ روز جہانگیر ترین نے فون کرکے ملاقات کی دعوت دی تھی اور عمران خان کا آئندہ ایک دو روز میں اختر جان مینگل سے بلوچستان ہاؤس میں ملاقات کا امکان ہے۔واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام بی این پی کی اتحادی جماعت ہے اور بی این پی اگر تحریک انصاف کے ساتھ بلوچستان میں اتحاد کرتی ہے تو مشترکہ حکمت عملی کے تحت بی این پی اور جمعیت دونوں ہی تحریک انصاف کی اتحادی جماعتیں بن جائیں گی۔